لاہور میں مفت وائی فائی سروس کے مقامات کی تعداد 200سے بڑھا کر 230کر دی گئی ،ترجمان
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ایم فری وائی فائی سروس کے دائرہ کار کو مزید بڑھا دیا گیا ۔لاہور میں مفت وائی فائی سروس کے مقامات کی تعداد 200سے بڑھا کر 230کر دی گئی ہے، جبکہ اس سروس کو جدید ٹیکنالوجی وائی فائی 6پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وائی فائی 6 ٹیکنالوجی کی بدولت صارفین کو مزید تیز اور مستحکم انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے پنجاب کے 11اضلاع میں 300 مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ سروس لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم اور اٹک میں فعال ہے، جبکہ ساہیوال، اوکاڑہ اور مری کے اہم مقامات پر بھی شہری اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔