آزادی کشمیری عوام کا مقدر ہے، جد وجہد فتح تک جاری رہے گی:سردار مسعود

کشمیری عوام کی ثابت قدمی، فکری قوت اور عزمِ مصمم نے پاکستان اور کشمیر کی سمت بدل دی ہے
بھارت کا سٹریٹجک اعتماد کمزور ہوگیا، کشمیریوں نے ناقابلِ شکست بھارت کے تصور کو چکنا چور کردیا
اسلام آباد( آن لائن )بین الاقوامی یومِ انسانی حقوق کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادی کشمیری عوام کا پیدائشی حق ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس حق سے محروم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں، کمیونٹی رہنماؤں، علمی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان پر زور دیا کہ وہ کشمیر کاز کے امین کی حیثیت سے اپنی تاریخی ذمہ داریوں کو پوری جرات کے ساتھ نبھائیں۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیری عوام کی ثابت قدمی، فکری قوت اور عزمِ مصمم نے پاکستان اور کشمیر کی سمت بدل دی ہے اور ان کی مزاحمتی جد وجہد و قربانیوں کی تاریخ طاقت، جبر یا قبضے سے دبائی نہیں جا سکتی۔ تقریب کے آغاز میں انہوں نے منتظمین اور مقررین کی کاوشوں کو سراہا، بالخصوص الطاف وانی اور راجا سجاد کو انتہائی ذہین اور پر عزم کشمیری کارکن قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور ہیومن رائٹس کونسل میں الطاف وانی کی دہائیوں پر محیط خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار کشمیر کی جد وجہد کا اخلاقی ستون ہے۔ انہوں نے دیگر ممتاز مقررین، جن میں امیر مقام، احمر بلال صوفی اور نبیلہ ایوب شامل ہیں، کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جد وجہد اور کوششیں پاکستان کی وسیع البنیاد یکجہتی کی عکاسی کرتی ہیں