کشمیری عوام کا صبر،حوصلہ اور استقلال تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا:وفاقی وزیر
نارووال(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر پراپنے پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کر رہی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنے جائز حق خودارادیت کے لیے قابض بھارتی ظلم و جبر کے خلاف برسرپیکار ہیں۔کشمیری عوام اپنے حق آزادی کے حصول کے لیے بے مثال اور تاریخی جدوجہد میں مصروف ہیں انکی قربانیوںنے آزادی کی شمع کو ہمیشہ روشن رکھا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ دن قریب ہے جب انکے خواب تعبیر پائیں گے۔