سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی جہاں جسٹس جمال خان مندوخیل نے ان سے حلف لیا۔تقریب میں عدالت عظمیٰ کے ججز، اٹارنی جنرل آفس کے افسران، اور ملک کے معروف سینئر وکلا شریک ہوئے۔جسٹس منیب اختر 6 جون 2025 تک بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض انجام دیں گے، جس کے بعد 6 سے 10 جون تک یہ ذمہ داری جسٹس منصور علی شاہ سنبھالیں گے۔یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور 10 جون کو وطن واپس آئیں گے۔
اس دوران سپریم کورٹ کے امور کی نگرانی اور اہم عدالتی معاملات کی سربراہی قائم مقام چیف جسٹس انجام دیں گے۔جسٹس منیب اختر کو قانونی حلقوں میں آئینی ماہر، منصفانہ تجزیے اور مضبوط عدالتی فیصلوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ ان کا بطور قائم مقام چیف جسٹس تقرر ایک اہم عدالتی مرحلہ تصور کیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب سپریم کورٹ میں کئی اہم مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔