پی آئی اے کا یورپ آپریشن متاثر ہو نے کاخدشہ

شعبہ انجینئرنگ کی نااہلی پر 34 کے فلیٹ میں سے17 طیارے گرا ئونڈ ہو چکے
 لاہور (کرائم رپورٹر )پروازوں پر پابندی اٹھنے کے بعدپی آئی اے کا یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن متاثر ہو نے کاخدشہ پیدا ہوگیا۔ قومی ایئر لائن کے شعبہ انجینئرنگ کی غفلت اور ناقص کارکردگی پرپی آئی اے کے 34 کے فلیٹ میں سے 17 طیارے گرا ئونڈ ہو چکے ہیں جس سے یورپ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 گرا ئونڈ ہیں، ایئر بس 320 ساختہ 17 طیاروں میں سے 7 گرا ئونڈ ہیں جبکہ 5 اے ٹی آر طیاروں میں سے صرف 2 فلائٹ آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔گرا ئونڈ ہونیوالے طیاروں میں زیادہ تر انجن، لینڈنگ گیئر، APU سمیت دیگر پرزہ جات نہ ہونے پر کھڑے ہیں جس سے قومی ایئر لائن کو کروڑوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے اکثرطیارے کئی سال سے گرا ئونڈ ہیں اورانکے زیادہ تر پرزہ جات دوسرے طیاروں میں استعمال کیے جا چکے ہیں۔ 777 طیارے گرا ئونڈ ہونے پرپیرس کیلئے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کاامکان ہے۔ یورپی سیفٹی ایجنسی ایاسا نے پابندی اٹھانے کے ساتھ قومی ایئر لائن کو واضح کیا ہے کہ یورپ آنے والے جہازوں کا سخت معائنہ ہوگا اورمانیٹر بھی کیا جائے گاجبکہ پی آئی اے ترجمان کاکہناہے کہ پیرس کیلئے آپریٹ ہونیوالا جہاز تیار ہو گیا ہے۔