نامعلوم افراد کی فائرنگ ، صحافی قتل

 موضع احمدنائچ کے ظفراقبال کو گھات لگائے افراد نے نشانہ بنایا،ڈی پی او کا نوٹس، ، صحافتی تنظیموں کی شدید مذمت 
 رحیم یارخان،چنی گوٹھ،(خصوصی رپورٹ ) گھات لگائے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مقامی صحافی کوموت کے گھاٹ اتاردیا،ڈی پی او نے نوٹس لے لیا ،صحافتی تنظیموں نے واقعہ کی شدید مذمت کی ۔تفصیل کے مطابق موضع احمدنائچ کارہائشی 45سالہ صحافی ظفراقبال ہاکرکی عدم موجودگی میں موٹرسائیکل پراخبارتقسیم کررہاتھا ،گھات لگائے موٹرسائیکل سواردو ملزموں نے فائرنگ کردی ، پولیس نے لاش تحویل میں لے کرپوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی بعدازاں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا، جبکہ مقتول کے قریبی عزیز محمدعقیل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، پسند کی شادی کی رنجش پر پہلے بھی حملہ ہوا تھا ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضوان عمرگوندل نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کوفوری گرفتارکرنے کا حکم دیدیا۔ صحافتی تنظیموں اور ڈسٹرکٹ پریس کلب کے عہدیداروں نے قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اوراعلیٰ حکام سے کارروائی کا مطالبہ کردیا۔