پی آئی اے کے 34 میں سے 17 طیارے گرائونڈ، کروڑوں ڈالر کا نقصان

 شعبہ انجینئرنگ کی غفلت کے باعث زیادہ تر طیارے انجن، لینڈنگ گیئر سمیت دیگر پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے گرائونڈ کئے گئے 
اسلام آباد (آئی این پی)قومی ایئر لائن   کے شعبہ انجینئرنگ کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کے سبب 34 کے فلیٹ میں سے 17 طیارے گرائونڈ ہوگئے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 گرائونڈ ہیں، ایئر بس 320 ساختہ 17 طیاروں میں سے 7 گرائونڈ ہیں، جب کہ 5 اے ٹی آر طیاروں میں سے 3 ناکارہ ہوگئے، جب کہ صرف اے ٹی آر 2 طیارے فلائٹ آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق گرائونڈ ہونے والے طیاروں میں زیادہ تر طیارے انجن، لینڈنگ گیئر سمیت دیگر پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے گرائونڈ کیے گئے ہیں، اس وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔پی آئی اے کے زیادہ تر طیارے کئی سال سے گرائونڈ ہیں اور ان طیاروں کے زیادہ تر پرزہ جات دوسرے طیاروں میں استعمال کیے جا چکے ہیں، پی آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے  پیرس کے لیے آپریٹ ہونے والا جہاز تیار ہو گیا ہے۔