اجتماع عام میں دنیا بھر سے اسلامی تحریکوں کے قائدین کو شرکت کی دعوت دیں گے
بڑی تحریک کا آغاز ہوگا‘ جماعت اسلامی ملک کیلئے بہترین آپشن بن کر سامنے آئے گی
لاہور(خصوصی رپورٹر )جماعت اسلامی پاکستان نے 21 تا 23 نومبر کو لاہور میں اجتماع عام کا اعلان کر دیا۔یہ اعلان امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 21، 22 اور 23 کو مینار پاکستان گرائونڈ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا اور اس موقع پر بڑی تحریک کا آغاز ہوگا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اجتماع عام میں دنیا بھر سے اسلامی تحریکوں کے قائدین کو شرکت کی دعوت دیں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے طویل جدوجہد کرکے بڑی ٹیم تیار کی ہے، اب جماعت ملک کے لیے ایک بہترین اچھی آپشن بن کر سامنے آئے گی تاکہ گلے سڑے نظام سے جان چھڑوائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک سے مایوس ہیں کیونکہ نوکریاں نہیں کوئی مستقبل نہیں، ملک میں غریب کے لیے تعلیم کے دروازے بند کر دیے ہیں اور ہم تعلیمی طور پر طبقاتی نظام میں تقسیم ہو چکے ہیں، اگر نوجوانوں نے تعلیم بھی حاصل کر لی تو انہیں روزگار ہی نہیں ملتا۔