موٹرسائیکل کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھیں : ڈاکٹر رضوان نصیر کا مشورہ
لاہور(کرائم رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ضیاء اللہ شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ملک کی باگ ڈور کل نوجوان نسل نے سنبھالنی ہے، ریسکیو 1122 کے نوجوان، بہنیں اور بیٹیاں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے ہر دم تیار رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل یوتھ ڈے اور جشن آزادی کی مناسبت سے ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹر لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، سینئر افسران، یوتھ اور نوجوان ریسکیورز نے شرکت کی۔ ضیاء اللہ شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 بھی نوجوان ڈاکٹر رضوان نصیر نے شروع کی جو آج ایک مثالی ایمرجنسی سروس بن چکی ہے، پاکستان نے ہمیں آزادی، عزت اور منفرد شناخت دی، اس لیے ملکی ترقی و استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کی محنت، نظم و ضبط اور بے لوث فرض شناسی سے عالمی معیار کی جدید ایمرجنسی سروس قائم ہوئی، ریسکیو 1122 اب تک 2 کروڑ سے زائد افراد کو ایمبولینس، فائر، فلڈ اور اینیمل ریسکیو سمیت مختلف ہنگامی خدمات فراہم کرچکی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کے فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنائیں، موٹرسائیکل کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھیں اور تیز رفتار گاڑیوں کے درمیان موٹرسائیکل نہ چلائیں تاکہ حادثات اور جانی نقصان سے بچا جاسکے۔ تقریب میں نوجوانوں نے ملی نغمے پیش کیے اور عہد کیا کہ وہ جوش کے بجائے ہوش سے کام لیتے ہوئے ملک کی ترقی، سرسبزی اور حادثات سے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، جبکہ تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔