لاہور(کرائم رپورٹر) شاد باغ پولیس نے 15 پر سنیچنگ کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 50 سے زائد ڈکیتی، چوری اور سنیچنگ کی وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کالر نے اطلاع دی کہ فون سننے کے دوران ملزم موبائل فون چھین کر گھاٹی کی جانب فرار ہوگیا، شاد باغ پولیس نے فوری تعاقب کیا اور کچھ دور جاکر ملزم وقار کو گیلی زمین پر گرا ہوا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق زخمی ملزم عادی جرائم پیشہ شخص ہے جو ڈکیتی، چوری اور سنیچنگ گینگ سمیت 50 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے کہا کہ عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے۔