چھری کے وار سے بیوی مار ڈالی

 فیاض کالونی میں30سالہ ثنا کا خلع کا معامہ چل رہا تھا، ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل 
لاہور(کرائم رپورٹر) ہربنس پورہ کے علاقے مہر فیاض کالونی میں شوہر نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر اپنی بیوی کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 30 سالہ ثنا کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتولہ اور اس کے شوہر کے درمیان خلع کا معاملہ چل رہا تھا، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر غصے میں آ کر بیوی پر حملہ کیا۔۔ واقعے کی اطلاع پر ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال، ایس ڈی پی او باغبانپورہ اور ایس ایچ او ہربنس پورہ موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان گھریلو جھگڑوں کے باعث خلع کا کیس بھی زیرِ سماعت تھا۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ڈیڈ ہا ئوس منتقل کر دی گئی۔ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال نے ایس ایچ او ہربنس پورہ کو ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست موصول ہونے پر واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اسے جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔