کچھ انتشار پسند سوچی سمجھی سازش کے تحت فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘روزانہ 1300 بچے غذائی کمی سے فوت ہو رہے ہیں: وفاقی وزیر صحت
سارا پنڈ بھی مر جائے تب بھی آپ نے چودھری نہیں بننا، سندھ اسمبلی نے صوبے کی وحدت کے حق میں کئی بار قراردادیں پاس کی ہیں:وزیراعلی سندھ
اسلام آباد‘کراچی(آئی این پی) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہاہے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے،کچھ انتشار پسند سوچی سمجھی سازش کے تحت فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،نئے صوبے بنانا وقت کی اہم ضرورت، اس سے ملک مزید مضبوط ہوتا ہے، ملک میں روزانہ 1300 بچے غذائی کمی سے فوت ہو رہے ہیں۔ان خیالات کاظہار انہوں نے پاک فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی کمپنیاں ترقی کر رہی ہیں، پچھلے سال فارما انڈسٹری کی ایکسپورٹ 38 فیصد ہوئی ہے، سرکار جب تک ساتھ نہ دے تو ترقی نہیں ہوتی، وزیراعظم اور حکومت فارما انڈسٹری کے ساتھ کھڑی ہے اور کمپنیوں کو ریلیف دیا جارہا ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے ہم کئی بار واضح کر چکے ہیں ہمیں صوبے کی تقسیم منظور نہیں۔ مراد علی شاہ نے مصطفی کمال کے صوبوں کے متعلق بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ سارا پنڈ بھی مر جائے تب بھی آپ نے چودھری نہیں بننا، سندھ اسمبلی نے صوبے کی وحدت کے حق میں کئی بار قرارداد پاس کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے آئین میں سب چیزیں موجود ہیں، اور موجودہ یا آئندہ بھی کبھی سندھ اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے یہ قرارداد منظور نہیں ہو گی