کریانہ سٹورز پر چھاپے،125کلو ناقص مصالحہ جات،زائد المیعاد اشیاء برآمد کرلی گئیں
ملتان، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، خانیوال (خصوصی رپورٹ )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مختلف کارروائیوں میں باسی گوشت، ملاوٹی دودھ اور مضر صحت اشیاء برآمد کر لیں۔ شاہ رکن عالم انصاری چوک ملتان میں ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز عامر افتخار نے محکمہ لائیوسٹاک کے ہمراہ میٹ شاپ پر چھاپہ مار کر 310 کلو بدبودار اونٹ کا گوشت قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دیا، ایف آئی آر درج اور ایک شخص گرفتار کر لیا گیا۔ راجن پور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صدر بازار، کوٹلہ روڈ اور کوٹلہ شیر میں 3 کریانہ سٹورز سے 125 کلو ملاوٹی مصالحے، 90 کلو ایکسپائرڈ اشیاء اور 10 کلو چائنہ نمک برآمد کر کے 1 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔مظفرگڑھ میں ڈائریکٹر سائوتھ پنجاب شہزاد مگسی کی سربراہی میں ناکہ بندی کے دوران 14 ہزار لٹر ملاوٹی دودھ پکڑا گیا، دودھ موقع پر تلف، گاڑیاں تھانے بند اور ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کر دیئے گئے۔ خانیوال میں لائیوسٹاک اور پیرافورس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ایک کروڑ روپے مالیت کا 7 ہزار کلو بدبودار جانوروں کا گوشت برآمد ہوا، جو لکڑ منڈی اور بلاک نمبر 2 میں گھروں میں بیڈ اور پیٹیوں میں چھپایا گیا تھا۔ گوشت مختلف اضلاع میں سپلائی کیا جانا تھا، تاہم موقع پر تلف کر دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کہیں بھی ملاوٹ دیکھیں تو 1223 پر اطلاع دیں۔