بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 13 اور مقبول ریمکس گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ و ماڈل شیفالی جری والا کی موت ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔
ان کے شوہر پراگ تیاگی نے اہلیہ کی وفات کے تقریباً ایک سال بعد ایسا دعویٰ کر دیا ہے جس نے سوشل میڈیا اور بھارتی شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پراگ تیاگی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اس بات سے مطمئن نہیں کہ شیفالی جری والا کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ میڈیکل رپورٹس میں موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی گئی، لیکن ذاتی طور پر وہ محسوس کرتے ہیں کہ اس واقعے کے پیچھے کچھ اور عوامل بھی ہو سکتے ہیں۔پراگ تیاگی نے دعویٰ کیا کہ شیفالی کی موت سے قبل ان پر کالا جادو کیا گیا تھا۔ ان کے بقول یہ محض قیاس آرائی نہیں بلکہ ان کے ذاتی مشاہدات اور تجربات کی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے کہا،“بہت سے لوگ ان باتوں پر یقین نہیں کرتے، لیکن میں مانتا ہوں کہ جہاں بھگوان ہے وہاں شیطان بھی ہے۔”ان کا کہنا تھا کہ شیفالی کی زندگی کے آخری دنوں میں انہوں نے ان کے رویے اور کیفیت میں غیر معمولی تبدیلیاں محسوس کیں۔ پراگ کے مطابق عبادت کے دوران بھی انہیں بارہا یہ احساس ہوا کہ کچھ ٹھیک نہیں ہو رہا اور ماحول میں منفی اثرات موجود ہیں۔
یاد رہے کہ شیفالی جری والا گزشتہ برس جون میں اچانک انتقال کر گئی تھیں۔ اس وقت ڈاکٹروں اور ابتدائی طبی رپورٹس میں ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی تھی اور اب تک سرکاری طور پر اسی مؤقف کو برقرار رکھا گیا ہے۔پراگ تیاگی کے حالیہ بیانات کے بعد ایک بار پھر شیفالی جری والا کی موت کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں، تاہم تاحال کسی سرکاری ادارے یا طبی ماہر نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔ شوبز حلقوں میں بھی اس معاملے کو ذاتی رائے اور عقیدے سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔