وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے قائم ٹاسک فورس کام کر رہی ہے اور جلد عوام کو بجلی سستی ملے گی۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم قرضوں کی ادائیگی کے ساتھ یہ صورتحال بتدریج بہتر ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی سے متعلق اعلان بھی جلد متوقع ہے، جبکہ اس سال ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔
وزیر خزانہ کے مطابق ایف بی آر میں اصلاحات کی نگرانی وزیر اعظم خود کر رہے ہیں، پہلی بار زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ تنخواہ دار طبقے کو دستیاب مالیاتی گنجائش کے مطابق ٹیکس ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی جلد پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرے گی۔ ان کے مطابق امریکا سے ٹیرف مذاکرات کے بعد پاکستانی برآمدات کے مواقع میں بھی اضافہ ہوا ہے۔