بجلی نرخوں میں کمی کا اعلان وزیراعظم کی طرف سے جلد متوقع ہے:وزیر خزانہ

بجلی نرخوں میں کمی کا اعلان وزیراعظم کی طرف سے جلد متوقع ہے:وزیر خزانہ

ویب ڈیسک: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں بجلی کے نرخوں میں کمی لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے جلد ہی وزیر اعظم کی طرف سے اعلان متوقع ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بجلی کی نرخوں میں کمی سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ ملے گا اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حکومت کی توجہ معیشت کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے اور ملکی برآمدات کو بڑھانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے وفاقی بجٹ میں ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے پر توجہ دی جائے گی، جس کے تحت ریئل اسٹیٹ، ریٹیل اور زراعت جیسے شعبوں کو ٹیکس نظام میں شامل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس بنیادوں کو وسعت دے کر مینوفیکچرنگ سیکٹر پر غیر ضروری ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا ہے، کیونکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر اب تک ٹیکس کا بڑا حصہ ادا کر رہا ہے۔وزیر خزانہ نے مہنگائی کے رجحانات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی اور بنیادی مہنگائی کی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور اس سال کے دوران شرح سود میں مزید کمی متوقع ہے۔

 ان کے مطابق شرح سود میں کمی سے اقتصادی ترقی کے لیے حالات مزید بہتر ہوں گے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اس کیلنڈر سال میں پہلا چینی یوان بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کی مالیت 200 سے 250 ملین ڈالر کے درمیان ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانڈ کا حجم اہم نہیں بلکہ فنڈنگ ذرائع میں تنوع مقصود ہے، جس کا استعمال موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کے لیے کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد امریکا، یورپ اور اسلامی سکوک کی روایتی منڈیوں سے ہٹ کر مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ ایک موزوں وقت ہے کہ پاکستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی اور گہری کیپیٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھائے۔