لزبن میں المناک سانحہ: کیبل ٹرین پٹری سے اتر کر عمارت سے ٹکرا گئی، 15 افراد جاں بحق

لزبن میں المناک سانحہ: کیبل ٹرین پٹری سے اتر کر عمارت سے ٹکرا گئی، 15 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جہاں مشہور گلوریا فنیکیولر (کیبل ٹرین) پٹری سے اتر کر قریبی عمارت سے جا ٹکرائی۔

 حادثے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوئے، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔پرتگالی ایمرجنسی میڈیکل سروس کے مطابق واقعہ شام 6 بج کر 5 منٹ پر ایوینیڈا دا لیبرداد کے قریب پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی میں سوار افراد کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹریک پر نصب کیبل اچانک ٹوٹ گئی، جس کے باعث ٹرین بے قابو ہو کر عمارت سے ٹکرا گئی۔ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پھنسے ہوئے تمام مسافروں کو نکال لیا۔ جائے حادثہ پر 62 ایمرجنسی اہلکار اور 22 گاڑیاں تعینات کی گئیں۔

لزبن کے میئر کارلوس موئیداس نے اس واقعے کو شہر کے لیے ’’المناک لمحہ‘‘ قرار دیا، جبکہ پرتگالی صدر مارسیلو ریبیلو دی سوزا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلہ وان ڈیر لائن نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔قابل ذکر ہے کہ گلوریا فنیکیولر ٹرین لزبن کا تاریخی ورثہ ہے، جو 1885 سے چل رہی ہے اور شہر کی پہاڑی گلیوں میں آمدورفت اور سیاحت کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔