برسلز(آئی این پی )یورپی ممالک نے امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات میں یوکرین کو بھی شامل کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین کے یورپی اتحادی ممالک نے اس بات پر اصرار کیا ہے کہ روس کے ساتھ کسی بھی امن مذاکرات میں یوکرین کو بھی شامل کرنا چاہیے، یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 15 اگست کو الاسکا میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کرنے والے ہیں۔برطانیہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، پولینڈ، فن لینڈ اور یورپی کمیشن کے رہنماں کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین میں امن کا راستہ یوکرین کے بغیر طے نہیں کیا جا سکتا۔صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس بارے کہ یوکرین کو اس کے اپنے امن مذاکرات میں مدعو نہیں کیا جائے گا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے بغیر کوئی بھی معاہدہ مردہ فیصلے کے مترادف ہوگا۔