لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ‘دریائے ہنزہ میں پھر سیلاب

    لاہور‘گلگت (یواین پی‘آئی این پی) لاہور میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ مختلف علاقوں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، اسلامپورہ، چوبرجی، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مسلم ٹاؤن، گلبرگ، گلشن راوی اور کاہنہ میں بونداباندی ریکارڈ کی گئی۔بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے حبس کی شدت کو کم کر دیا جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیاحکومت گلگت بلتستان کے ترجمان  فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ دریائے ہنزہ پھر بپھر گیا، گلمت اور گوجال کے مقام پر سیلابی ریلوں نے تباہی پھر دی  جب کہ 50 سے زائد مزدور ریلے کی زد میں آنے سے بال بال بچے۔ سیلاب بلتستان کے علاقہ شگر میں بھی آیا، شگر میں زرعی اراضی اور درخت ریلوں میں بہہ گئے، ہنزہ کے مقام پر شاہراہ ریشم بلاک ہوگئی جس کے نتیجے میں مسافر پھنس گئے۔ملک میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج  سے شروع ہو گا۔محکمہ موسمیات  نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران  اسلام آباد ، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ  کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش و بونداباندی کی توقع ہے۔