خیبرپختونخو کے ضلع دیر لوئر سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ‘شدید ژالہ باری
ہلکی برفباری سے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شروع ہوگئی ،لاہور آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست
لاہور،پشاور،مظفر آباد(آئی این پی )پنجاب کے بیشتر اضلاع میںآئندہ 24گھنٹوں میں بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے )نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی جبکہ خیبرپختونخو کے ضلع دیر لوئر سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی ، گاڑیوں اور سولر کے شیشے بھی ٹوٹ گئے،شدید ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات کو نقصان پہنچا،راولپنڈی اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری سے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شروع ہوگئی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائو الدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے، اسی طرح لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔