ہونہار سکالرشپ پروگرام نوجوان طلبہ کے خواب پورے کر رہا ہے مریم نواز

نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے تمام وسائل نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں‘ ہر نوجوان ملت کے مقدر کا ستارہ ہے 
چین کے شہر یانٹائی کی بندرگاہ پر 100 الیکٹرک بسوں کا  فلیٹ بحری جہاز پرلوڈ‘پاکستان روانہ ہوگا‘بس کا کرایہ 20 روپے ہوگا:وزیراعلی  کا ایکس پر بیان

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  ہونہار سکالرشپ پروگرام نوجوان طلبہ کے خواب پورے کر رہا ہے۔نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر نوجوان ملت کے مقدر کا ستارہ ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے، نوجوان پاکستان اور بالخصوص پنجاب کا روشن مستقبل اور قابلِ قدر سرمایہ ہیں، ہم نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے تمام وسائل نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام نوجوان طلبہ کے خوابوں کی تعبیر بن رہا ہے، سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے ہزاروں نوجوان جدید علوم و ٹیکنالوجی سے مستفید ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلتا پنجاب پروگرام نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں اور سپورٹس میں نمایاں ہونے کے مواقع فراہم کر رہا ہے، ای-بائیکس سکیم ہزاروں طلبہ کو باعزت سفری سہولت اور خود مختاری دے رہی ہے۔دریں اثناء  مریم نواز شریف نے ایکس پر پنجاب کے عوام کے لئے مسرت آمیز پیغام میں کہا ہے  پنجاب کے اضلاع میں 20 روپے میں الیکٹرک بس پر شاندار اور آرام دہ سفرہوگا۔ ایئرکنڈیشنڈ،وائی فائی اور دیگر سہولتوں سے لیس بسیں تیار کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ چین کے شہر یانٹائی کی بندرگاہ پر 100 الیکٹرک بسوں کا  فلیٹ بحری جہاز پرلوڈنگ جاری ہے آج رات پاکستان روانہ ہوگا۔ طویل عرصے سے پبلک ٹرانسپورٹ نظام سے محروم اضلاع میں بسیں ترجیحی بنیادوں پر چلائی جارہی ہیں - انہوں نے کہا کہ میانوالی،اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ،وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں ای بسیں چلائی جارہی ہیں۔ الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا۔ڈسٹرکٹ کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسوں میں ایئر کنڈیشنڈ، وائی فائی اور دیگر سہولیتیں بھی ہوں گی اور مکمل طور پر خودکار ٹکٹنگ سسٹم ہوگا۔