بھارت کا غرور 10 مئی کو غرق ہوگیا شہبازشریف
گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر منصوبے کو ایک سال میں مکمل کیا جائے، خود نگرانی کروں گا، منصوبے کا سارا انفراسٹرکچر کلائیمیٹ ریزیلیئنٹ بنایا جائے:وزیراعظم کی اجلاس میں گفتگو
این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ تعاون مزید مربوط بنائے ،موسم اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر خطرے سے دوچار علاقے کے لوگوں کو پیشگی آگاہی یقینی بنائی جائے: شہبازشریف کی ہدایت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے چار دن کی جنگ میں ہمارے دلیر جوانوں نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو اسے رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔نوجوانوں کے عالمی دن پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، آج کے دن ایک نیا پاکستان معرض وجود میں آیا۔وزیراعظم نے کہا ک 6 اور 10 مئی کو افواج پاکستان نے دشمن پر کاری ضرب لگائی، چار دن کی جنگ میں ہمارے دلیر جوانوں نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو اسے رہتی دنیا تک یاد رہے گا، پاک فضائیہ نے چار رافیل سمیت بھارت کے چھ طیارے گرائے، بھارت کا غرور دس مئی کو غرق ہوگیا۔انہوں نے کہا نوجوان محنت کریں، ہم محنت سے پاکستان کو عظیم مملکت بنائیں گے۔دریں اثناء شہباز شریف کی زیرِ صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ سولر منصوبے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا‘وزیر اعظم نے کہا گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر منصوبے کو ایک سال میں مکمل کیا جائے، اس منصوبے کی خود نگرانی کروں گا۔گلگت بلتستان میں منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، منصوبے کا سارا انفرااسٹرکچر کلائیمیٹ ریزیلیئنٹ بنایا جائے۔اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکنیک کی منظوری کے بعد منصوبے کی تعمیر پر کام کی رفتار کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے پر خرچ ہونے والی تمام لاگت وفاقی حکومت دے گی، گلگت بلتستان کے لوگوں کو 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نجات ملے گی، منصوبہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا، منصوبے کی تعمیر میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے منصوبے کی تعمیر کے لیے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت اویس خان لغاری کو سونپ دی۔محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِاعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں و سیلاب کے متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں و آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیرِاعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاع نظام کو مکمل فعال بنانے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ اس حوالے سے تعاون پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال کے متاثرین کی مدد و بحالی میں این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ تعاون مزید مربوط بنائے، اور موسم اور ایسی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر خطرے سے دوچار علاقے کے لوگوں کو پیشگی آگاہی یقینی بنائی جائے۔