بیٹے کو وطن پر قربان کرنا کوئی دکھ کا سودا نہیں ، میں اپنی پوری فیملی سمیت ہر قربانی کے لیے تیار ہوں،یوم تشکر پرجذبات کااظہار
اسلا م آباد (آن لائن) معر کہ مرصوص میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی پر کیپٹن روح اللہ شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے ۔ شہید کے والد کا کہنا ہے کہ معرکہ حق، پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، افواجِ پاکستان نے اپنے عزم، حوصلے اور قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے ۔ انہوں نے کہا آج جب پوری قوم یومِ تشکر منا رہی ہے۔ پاکستان کا ہر فرد اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہے کہ اس نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی اور ہمیں مضبوط اور بے خوف فوج عطا کی۔ وہ یہ بھول گیا کہ اسے مقابلہ ایک نڈر، باحوصلہ اور غیرتمند قوم اور افواج سے ہے۔ بیٹے کو وطن پر قربان کرنا کوئی دکھ کا سودا نہیں ، بل کہ میرے لیے فخر کا مقام ہے۔ اگر وطن عزیز پر کبھی بھی کوئی آنچ آئی، تو میں اپنی پوری فیملی سمیت ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔