فوج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردوں کا سرکچل دینگے شہبازشریف
بلوچستان بدقسمتی سے دہشتگردی کا شکار ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوج کی قیادت کر رہے ہیں، دہشت گردی کے باعث بلوچستان میں بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
دشمن کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے‘بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پنجاب اپنے حصے کے 11 ارب بلوچستان کو سالانہ فراہم کرتا ہے:کوئٹہ میں سیاسی رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو
کوئٹہ(آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا بلوچستان بدقسمتی سے دہشتگردی کا شکار ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوج کی قیادت کر رہے ہیں۔کوئٹہ میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ،اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اراکین نے ملاقات کی، ملاقات میں سیا سی امور، گڈگورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیاسی رہنماں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود بلوچستان کابینہ عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے، کابینہ ارکان اور سیاسی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے، چیف آف بگٹی قبائل منتخب ہونے پر سرفرازبگٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث بلوچستان میں بیپناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خوارج کو ہمسایہ ملکوں کی جانب سے سپورٹ دی جا رہی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کوایسا سبق سکھایا جووہ ہمیشہ یاد رکھیگا، این ایف سی کے تحت وسائل صوبوں کو فراہم کئے جا رہے ہیں، پنجاب اپنے حصے کے 11 ارب بلوچستان کو سالانہ فراہم کرتا ہے۔انہوں ن کہا خیبرپختونخوا کی طرح دہشت گردوں نے بلوچستان میں بھی مشکلات پیدا کیں، فتنہ الخوارج کو ہمسایہ ملک سے سپورٹ مل رہی ہے‘، ہم دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کراچی سے چمن چار رویہ سڑک کا آغاز کررہے ہیں، بلوچستان میں دانش اسکول بنائے جارہے ہیں جن سے بچوں کو تعلیم ملے گی۔