بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں ممبئی انڈینز کے خلاف نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد آؤٹ ہونے پر مایوس نظر آئے، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
میچ کے دوران رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرتے ہوئے کوہلی نے شاندار اننگز کھیلی، تاہم نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد جلد آؤٹ ہونے پر ان کا ردِعمل نمایاں طور پر جذباتی تھا۔وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں اپنا ہیلمٹ اور گلوز اتارتے ہوئے دکھائی دیے، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین اور مداحوں میں تشویش پائی گئی۔کچھ کرکٹ شائقین کے مطابق ان کی ناراضی کی ممکنہ وجہ اننگز کے دوران سست اسٹرائیک ریٹ ہو سکتا ہے، جو کہ 131.58 رہا، جو ان کے معیار کے مطابق نسبتاً کم سمجھا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر اس واقعے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کچھ صارفین نے اسے کھلاڑی کی جیت کے لیے جذباتی وابستگی قرار دیا تو کچھ نے اسے غیر ضروری ردعمل کہا۔