وزیرِ اعظم شہباز شریف سے جاپانی ہم منصب کا رابطہ، امریکا ایران مذاکرات پر گفتگو

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے جاپانی ہم منصب کا رابطہ، امریکا ایران مذاکرات پر گفتگو

وزیرِ اعظم پاکستان  شہباز شریف سے جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور اسلام آباد میں ہونے والے امریکا و ایران مذاکرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق جاپانی وزیرِ اعظم نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد میں اسلام آباد کا کردار اہم رہا ہے۔ انہوں نے اس عمل کو خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، عالمی توانائی کی سلامتی اور خطے میں کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ جاپانی وزیرِ اعظم نے مذاکراتی عمل اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر جاپانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ اور جنگ بندی کے تسلسل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران وفود کے درمیان مذاکرات پر پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔