سعودی عرب نے پاک بھارت کشیدگی پر ثالثی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے بھارتی وزیرِ خارجہ سے رابطہ کیا اور پاکستان سے بڑھتے فوجی تناؤ کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر بات ہوئی۔ شہزادہ فیصل نے زور دیا کہ کشیدگی سے بچاؤ اور سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل نکالنا ہی خطے اور دنیا کے مفاد میں ہے۔ادھر پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بیان دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم بھارت کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ امریکی سینیٹر مارکو روبیو نے بھی رابطہ کر کے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش ظاہر کی اور فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا: "ہم نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہم یہ دکھائیں گے کہ انتقامی کارروائی کیا ہوتی ہے۔"بین الاقوامی برادری اس وقت خطے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ سعودی عرب اور امریکہ کشیدگی کم کرانے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔