بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کی ممبئی ایئرپورٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جس پر صارفین کی آرا تقسیم ہو گئی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ سیکیورٹی چیک کے دوران مسافروں کی لمبی قطار کو بائی پاس کرتے ہوئے براہِ راست چیک پوائنٹ کی طرف بڑھتی نظر آئیں۔ اس منظر کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی کہ آیا انہیں خصوصی سہولت دی گئی یا نہیں۔کچھ صارفین نے اس مبینہ رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ پر ہر مسافر کو یکساں طریقہ کار سے گزرنا چاہیے اور کسی بھی شخص کو قطار توڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا مؤقف تھا کہ ایسے واقعات عام مسافروں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہیں۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے اس معاملے پر مختلف رائے دیتے ہوئے کہا کہ سیلیبریٹیز کے لیے سیکیورٹی اور پروٹوکول کے مخصوص انتظامات ہوتے ہیں، اس لیے ویڈیو کو مکمل سیاق و سباق کے بغیر تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور مختلف پلیٹ فارمز پر بحث جاری ہے، جہاں صارفین وی آئی پی کلچر، سیکیورٹی پروٹوکول اور مساوی رویے جیسے موضوعات پر اپنی رائے دے رہے ہیں۔