ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کو قرآنی آیت پر مشتمل لاکٹ پہننے اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے معاملے پر قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
قانونی نوٹس میں اداکارہ اور ان کی اسٹائلسٹ ریحا کپور سے سوشل میڈیا پر موجود متعلقہ تصاویر ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ نے اداکارہ کرینہ کپور اور ان کی اسٹائلسٹ ریحا کپور کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔ عباس حفیظ نے اس معاملے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ لاکٹ تاریخی طور پر ریاست بھوپال کی بیگمات کے ورثے سے تعلق رکھتا ہے۔ان کے مطابق یہ لاکٹ محض ایک زیور یا فیشن کی چیز نہیں بلکہ مذہبی عقیدت اور ایمان کی علامت کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ بھوپال کی بیگمات اسے خاص مذہبی احترام کے ساتھ پہنتی تھیں، اس لیے اس کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
عباس حفیظ کے وکیل محمد ظفر نے اپنے مؤکل کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اعتراض کرینہ کپور کے لاکٹ پہننے پر نہیں بلکہ اس پر درج قرآن پاک کی آیت اور اسے سوشل میڈیا پر پیش کرنے کے انداز پر ہے۔وکیل کے مطابق قرآن پاک کی آیات مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس حیثیت رکھتی ہیں اور ان کے احترام کے حوالے سے مخصوص مذہبی آداب اور روایات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکٹ کی تصاویر کو فیشن کے انداز میں سوشل میڈیا پر نمایاں کرنے سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذہبی مقدسات سے متعلق اشیا کو پیش کرتے وقت ان کے تقدس اور احترام کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اسی بنیاد پر اداکارہ اور ان کی اسٹائلسٹ سے متعلقہ تصاویر سوشل میڈیا سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس معاملے نے بھارتی شوبز اور سوشل میڈیا حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں ایک طرف لاکٹ کی تاریخی اور مذہبی اہمیت پر گفتگو ہو رہی ہے تو دوسری جانب فنکاروں کے لباس، زیورات اور مذہبی علامات کے استعمال سے متعلق سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔