کلینک میں چوری کی کوشش، چور شٹر میں پھنس گیا

اترپریش (نیٹ نیوز)انڈین میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں رات گئے چوری کی ایک ایسی کوشش ہوئی جس نے سب کو حیران کر دیا، کلینک میں چوری کی نیت سے گھسنے والے چور کو بچانے کیلیے ریسکیو ٹیم بلانی پڑی۔چور نے دل کے امراض کے ماہر کے کلینک میں چھت کے راستے داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس نے شٹر اور دیوار کے درمیان موجود ایک تنگ جگہ سے اندر گھسنے کی کوشش کی لیکن اسی دوران اس کی گردن بْری طرح پھنس گئی، وہ اس طرح پھنس گیا کہ نہ اندر جا سک رہا تھا اور نہ باہر نکل پا رہا تھا۔کافی دیر تک پھنسے رہنے کے بعد جب اسے لگا کہ وہ نہیں نکل پائے گا تو اس نے شور مچانے کیلیے شٹر پر زور زور سے لاتیں مارنا شروع کر دیں، آواز سن کر لوگ جمع ہوئے اور فوری طور پر پولیس کو بلا لیا۔پولیس نے معاملہ پیچیدہ جان کر ریسکیو ٹیم کو طلب کیا۔ رات دیر تک فائر فائٹرز نے خصوصی آلات کی مدد سے شٹر کے کچھ حصے کاٹے اور ملزم کو بحفاظت باہر نکال لیا۔چور کو نکالنے کے بعد پولیس نے حراست میں لے لیا، اسے ابتدائی طبی امداد کیلیے سرکاری اسپتال بھیجا گیا۔