مریدکے:کبوتربازوں میں تنازع ، 2 چھتیں منہدم، 17افراد زخمی

 کبوتر بازی پر جھگڑے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد 2چھتوں پر چڑھ گئی 
بھاری بوجھ سے چھتیں گر گئیں، زخمی ہسپتال داخل، 6کی حالت نازک
مریدکے،کالا شاہ کاکو (خصوصی رپورٹ ) مریدکے میں کبوتربازی کا تنازع روکنے کی کوشش کے دوران 2 گھروں کی چھتیں منہدم ہو گئیں جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 17 افراد زخمی ہو گئے ،6 کی حالت تشویشناک ہے۔عینی شاہدین کے مطابق تھانہ سٹی مریدکے کے علاقہ محلہ اقبال پارک میں کبوتر بازی کا مقابلہ دیکھنے کے دوران معمولی تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہو گئی اوردو گھروں کی چھتوں پر لوگوں کی بڑی تعداد چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں خستہ حال 2چھتیں بھاری بوجھ برداشت نہ کر سکیں اور منہدم ہو گئیں اور متعدد خواتین سمیت 17افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مریدکے منتقل کر دیا گیا جہاں 6 کی حالت نازک ہے۔