لاہور میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم 2 سے 8 نومبر تک جاری رہے گی

لاہور میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم 2 سے 8 نومبر تک جاری رہے گی

لاہور: ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کو کامیاب بنانے، فیلڈ ورکرز کی کارکردگی بہتر بنانے اور حساس علاقوں میں پولیو ٹیموں کو سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اور یونین کونسل مانیٹرنگ افسران (یو سی ایم اوز) نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکام نے خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تعیناتی، فیلڈ ورکرز کی کارکردگی اور مہم کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز کا جائزہ لیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم 2 نومبر سے 8 نومبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے لیے فیلڈ ٹیموں کو متحرک کرنے اور ہر علاقے میں بچوں تک رسائی یقینی بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات زیر غور آئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران تمام فیلڈ ورکرز کی سو فیصد حاضری یقینی بنائی جائے اور فرائض میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ ورکرز بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری اولین قومی ترجیح ہے اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہم سب کا مشترکہ مشن ہے۔ پولیو کے خلاف جاری جدوجہد میں فرنٹ لائن ورکرز کا کردار انتہائی اہم ہے اور ان کی محنت اور لگن قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ ہر یونین کونسل میں مہم کی نگرانی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

اجلاس کے دوران انسدادِ پولیو مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال تک کی عمر کے اپنے تمام بچوں کو انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔