سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے بند، آن لائن کلاسز شروع کردی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق عسیر اور الباحہ سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش کے باعث اسکول اور کالجز میں تدریسی عمل معطل کر دیا گیا، جبکہ "مدرستی" پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن تعلیم جاری رکھی گئی۔دمام، خُبر، قطیف، جبیل، رأس تنورہ اور الاحساء میں بھی آن سائٹ کلاسز بند رہیں، جبکہ متعدد جامعات نے بھی آن لائن نظام اختیار کر لیا۔سعودی حکام کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا، جبکہ نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی کی رپورٹس کی بنیاد پر تعلیمی سرگرمیوں کو آن لائن منتقل کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ابہا میں 65.6 ملی میٹر، ریاض کے کنگ خالد ریزرو میں 42.2 ملی میٹر، جبکہ دمام اور دیگر علاقوں میں بھی نمایاں بارش ریکارڈ کی گئی۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری وارننگز پر عمل کریں کیونکہ مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔