جہانیاں(آن لائن)پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی خلائی پرواز کا عالمی دن 12 اپریل اتوار کو منایا گیایہ دن منانے کا مقصد انسان کی اوّلین خلائی پرواز اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔انسان بردار خلائی پرواز ایک ایسا کارنامہ ہے جو بجا طور پر ساری انسانیت کی مشترکہ کامیابی ہے۔12 اپریل 1961 وہ تاریخ ساز دن تھا جب سابق سوویت یونین کے یوری گیگارین خلاء میں پہنچنے والے سب سے پہلے انسان بنے تھے۔اس اہم اور تاریخ ساز واقعے کی یاد منانے کیلئے7 اپریل 2011 کے روز اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس کے تحت 12 اپریل کو ’’انسانی خلائی پرواز کا عالمی دن’’قرار دیتے ہوئے دنیا بھر میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ انسان بردار خلائی پرواز آج بھی نہ صرف بے حد مشکل بلکہ بہت مہنگی بھی ہے۔ انسان کو خلا تک بحفاظت پہنچانے اور طویل مدت تک وہاں زندہ رہنے کے قابل بنانے کیلئے انتہائی خصوصی اقدامات ضروری ہوتے ہیں جو بے حد جدید ٹیکنالوجی کا تقاضا کرتے ہیں جبکہ اس پورے عمل پر بہت زیادہ لاگت آتی ہے۔