شہریوں کو 14 سہولیات کی 9 بجے سے رات 12 بجے تک خدمات فراہم کی جا رہی ہیں
حجرہ شاہ مقیم (آئی این پی )عوام الناس کو بہتر اور فوری سہولیات کی فراہمی کے لیے پولیس خدمت مراکز میں 14 مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں کرایہ داری کا اندراج اور لرنر لائسنس کا اجراء خصوصی طور پر شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ان مراکز کے قیام کا مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر متعدد سہولیات فراہم کرنا اور پولیس سے متعلق امور میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پولیس خدمت مرکز ایم اے جناح روڈ پر صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ پولیس خدمت مرکز رینالہ خورد، پولیس خدمت مرکز دیپالپور، پولیس خدمت مرکز بصیرپور، پولیس خدمت مرکز کینٹ اور پولیس خدمت مرکز یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک سہولیات دستیاب ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان مراکز کے ذریعے شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق عوام کو سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔