دورہ انگلینڈ کے بعد پاکستانی کرکٹرز کی وطن واپسی، رضا اللہ کا ایئرپورٹ پر پر تپاک استقبال

دورہ انگلینڈ کے بعد پاکستانی کرکٹرز کی وطن واپسی، رضا اللہ کا ایئرپورٹ پر پر تپاک استقبال

دورہ انگلینڈ مکمل ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹرز اپنے اپنے شہروں کو واپس پہنچ گئے، جہاں بعض کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ایجبسٹن میں ٹیسٹ ڈیبیو پر شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رضا اللہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔برمنگھم سے پاکستانی کھلاڑی دوحہ پہنچے، جہاں سے وہ اپنے اپنے شہروں کے لیے روانہ ہوگئے۔ کپتان بابر اعظم، آذان اویس اور دیگر کرکٹرز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ او جی ڈی سی ایل کی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سلو اوور ریٹ کے باعث کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد ہوا اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی منہا کیے گئے۔