ٹی ٹوئنٹی سیریز: مچل مارش کی دھواں دار سنچری سے آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ہرایا

ٹی ٹوئنٹی سیریز: مچل مارش کی دھواں دار سنچری سے آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ہرایا

ماؤنٹ مینگنوئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

 نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ 48، کپتان بریسویل 26 اور جیمز نیشم 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی باﺅلنگ میں شان ایبٹ نے تین، جوش ہیزل ووڈ اور زیویئر بارٹلیٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی وکٹیں گرنے کے باوجود کپتان مچل مارش نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 52 گیندوں پر سات چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی ناقابل شکست سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ مچل اوون 14 اور شان ایبٹ 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے چار، جیکب ڈفی دو اور بین سیئرز نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔