پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حمیرا بانو کی شادی گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، تاہم اب ان کے اصل شوہر کی تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔
حمیرا بانو نے حال ہی میں اپنی شادی کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی، جس کے بعد نکاح کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔وائرل تصویر میں اداکارہ کے شوہر کی شکل سینئر اداکار عثمان پیرزادہ سے مشابہ نظر آنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ حمیرا بانو نے عثمان پیرزادہ سے شادی کرلی ہے۔تاہم حمیرا بانو نے ان خبروں کی فوری طور پر تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے شوہر عثمان پیرزادہ نہیں ہیں۔ دوسری جانب عثمان پیرزادہ نے بھی اداکارہ سے شادی کی افواہوں کو مسترد کردیا۔
اب نوبیاہتا جوڑے کی مزید تصاویر منظرِ عام پر آگئی ہیں، جن میں حمیرا بانو اپنے شوہر کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہی ہیں۔نکاح کے موقع پر حمیرا بانو اور ان کے شوہر نے آئیوری رنگ کے خوبصورت ملبوسات زیب تن کیے، جبکہ تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ ہوگیا۔