لوڈ ٹریکٹر ٹرالی نے سڑک کنارے کھڑے علی حسنین کو کچلا، موقع پر چل بسا
قصور(خصوصی رپورٹ)قصور میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں نوجوان جاں بحق جبکہ بچہ اور ایک راہگیر زخمی ہوگئے۔ تھانہ کھڈیاں کے علاقہ سکندر پورہ میں علی حسنین اور 7 سالہ محمد علی سڑک کنارے کھڑے تھے کہ لکڑی سے لدی ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر دونوں پر چڑھ دوڑی، حادثے کے نتیجے میں علی حسنین موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد علی کا بایاں بازو فریکچر ہوا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور فرار ہوگیا۔دوسرے واقعہ میں ٹولو والا دیپالپور روڈ پر ایک نامعلوم شخص پیدل جارہا تھا کہ نامعلوم کار نے اسے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ کار ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد فراہم کی اور بابا بلھے شاہ ہسپتال منتقل کردیا۔