خواتین کی تعلیمی قیادت بڑھانے کیلئے گرلز ایجوکیشن سمپوزیم

لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب میں لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کی تعلیمی قیادت کے فروغ کے لیے پنجاب گرلز ایجوکیشن سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں 180 طالبات، خواتین ہیڈ ٹیچرز، محکمہ تعلیم کے افسران اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔یوتھ ٹیوب نے ملالہ فنڈ کے اشتراک سے پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) میں ایک روزہ پنجاب گرلز ایجوکیشن سمپوزیم منعقد کیا۔ سمپوزیم تین روزہ پروگرام کا اختتامی مرحلہ تھا، جس میں خواتین ہیڈ ٹیچرز کے لیے دو روزہ ریفریشر ٹریننگ بھی شامل تھی۔پروگرام میں تقریباً 120 طالبات، 45 خواتین ہیڈ ٹیچرز، ڈسٹرکٹ و اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران، پی ایف ایچ این کے ارکان، پیکٹا حکام اور منتخب نمائندوں سمیت 180 افراد نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ اساتذہ کو طلبہ کو تیزی سے بدلتی دنیا کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ طالبات میں خود انحصاری، اعتماد اور مثبت سوچ پیدا کرنا ضروری ہے، جبکہ ایسے روایتی طریقوں سے گریز کیا جائے جو بچوں کی صلاحیتوں کو محدود اور شخصیت کو دبا دیتے ہیں۔