نشانِ حیدر کے حامل میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی کے موقع پر مسلح افواج پاکستان نے انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی غیر معمولی بہادری، قائدانہ صلاحیتوں اور عظیم قربانی کو قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواج کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مسلح افواج کے مطابق 1965 کی جنگ کے دوران میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر میں دشمن کے مسلسل حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے 5 دن اور 5 راتیں غیر معمولی بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ان کی شجاعانہ قیادت اور ناقابلِ شکست جذبے نے دشمن کی پیش قدمی روکنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث میجر راجہ عزیز بھٹی شہید شجاعت، فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کی لازوال علامت بن گئے۔
مسلح افواج کا کہنا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی فرض سے بے لوث وابستگی، غیر متزلزل حوصلہ اور عظیم قربانی آج بھی ملک کے دفاع پر مامور جوانوں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔اس موقع پر مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے جذبے، عزم اور قربانی کی روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال شجاعت، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔