وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر کے حامل میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے یومِ شہادت پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے اپنے لہو سے بہادری اور شجاعت کی عظیم داستان رقم کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرات، بسالت اور حب الوطنی کی روشن مثال ہیں، جنہوں نے بی آر بی نہر پر دشمن کی پیش قدمی روک کر اس کے عزائم خاک میں ملا دیے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 1965 کی جنگ کے دوران میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے لاہور کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ ایسے جری اور بہادر سپوت پوری قوم کا فخر اور سر کا تاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن کی حرمت پر جان قربان کرنے والے شہدائے پاکستان کی قربانیاں قومی تاریخ کا سنہری باب ہیں۔ عددی اعتبار سے بڑے دشمن کے سامنے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی مردانہ وار جرات اور ثابت قدمی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہدائے وطن کا مقدس لہو ملک کی سلامتی، بقا اور خودداری کی اصل ضمانت ہے، جبکہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی لازوال قربانی قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔