وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 1965 کی جنگ کے ہیرو اور نشانِ حیدر میجر عزیز بھٹی شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے حقیقی محسن ہیں، ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی اور ان کی بہادری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہماری آزادی اور سلامتی انہی جانبازوں کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔یاد رہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے 1965 کی جنگ میں لاہور کے محاذ پر دشمن کے حملوں کو بہادری سے روکا اور 12 ستمبر کو جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی جرات و شجاعت پر انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز "نشانِ حیدر" سے نوازا گیا۔