ترقیاتی منصوبوں کو بڑوں شہروں سے نکال کر گاؤں کی سطح پر لے آئے ہیں مریم نواز

ساہیوال میں جلد 14 مزید الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی‘ ارکان اسمبلی علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھیں
 نواز شریف سکولز آف ایمیننس میں غریب اور امیر کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں گے: ساہیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کو جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار اور شفافیت پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی ہے -وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے گزشتہ روز ضلع ساہیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اورمختلف سیاسی و ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا-وزیراعلی مریم نوازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں ولایت شاہ، قاسم ندیم، ارشد ملک، ندیم اسلم لودھی، رانا ریاض احمد اور محمد حنیف شامل تھے -وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے ساہیوال میں جلد 14 مزید الیکٹروبسیں مہیا کرنے کا اعلان کیا اور ارکان اسمبلی کو ساہیوال میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی-صوبائی ارکان اسمبلی نے وزیراعلی مریم نوازشریف کی عوامی خدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ساہیوال شہر کی بیوٹیفکیشن کو شاندار اور تاریخی اقدام قرار دیا- ارکان صوبائی اسمبلی نے پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت چھوٹے بڑوں شہروں اور دیہات کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر خراج تحسین پیش کیا-ارکان صوبائی اسمبلی نے ساہیوال ڈویژن کیلئے 10 جدید ترین 'نواز شریف سکولز آف ایمیننس کے اقدام کوبھی سراہا اورساہیوال اور دیگر شہروں میں سیوریج اور ڈرینج کے پراجیکٹس پر اظہار تشکرکیاہے - مریم نوازشریف نے ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو بڑوں شہروں سے نکال کر گاؤں کی سطح پر لے آئے ہیں۔ نواز شریف سکولز آف ایمیننس میں غریب اور امیر کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔