انوکھی واردات،چوروں نے خاتون کو پریشرککر سے تشددکرکے قتل کردیا

حیدر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر حیدر آباد میں گھر کے اندر چوری کی انوکھی واردات نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔انڈین میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ چوروں نے خاتون کو باندھ کر پریشر ککر سے تشدد کا نشانہ بنایا، پھر چھری اور قینچی کی مدد سے گلا کاٹ دیا۔50 سالہ رنو اگروال نامی خاتون اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ سائبرآباد کے آئی ٹی ہب میں واقع گیٹڈ کمیونٹی سوان لیک اپارٹمنٹ کی 13ویں منزل پر رہتی تھیں۔ بدھ کے روز صبح تقریباً 10 بجے مسٹر اگروال اپنے 26 سالہ بیٹے کے ساتھ کام پر چلے گئے۔شام 5 بجے انہوں نے مقتولہ کو فون کیا لیکن سامنے سے کوئی جواب نہیں ملا تو وہ پریشانی میں فوراً گھر پہنچے۔ دروازہ بند ہونے کی وجہ سے انہوں نے ایک پلمبر کی مدد سے بالکونی سے دروازہ کھولا اور بیوی کو مردہ حالت میں پایا۔ انہوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ چوروں نے مقتولہ کے ہاتھ پاؤں باندھے، انہیں پریشر ککر سے مارا، پھر چھری اور قینچی سے گلا کاٹ سے جس سے خاتون کی موت ہوئی۔ملزمان نے گھر سے تقریباً 40 گرام سونا اور ایک لاکھ روپے نقد لوٹے، وہ فرار ہونے سے قبل نہائے اور اپنے خون آلود کپڑے وہیں چھوڑ گئے۔ مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال بھیج دیا گیا۔ابتدائی تفتیش مین پتا چلا کہ دونوں چور گھریلو ملازم ہیں۔ ایک مقتولہ کے گھر اور دوسرا پڑوسی میں کام کرتا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں کو 13ویں منزل کی طرف جاتے اور شام 5:02 بجے نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفتیش میں پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج، فرانزک شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر رہی ہے۔