تین دوست والی بال میچ دیکھ کر واپس جا رہے تھے، نامعلوم افراد کا حملہ
مڈھ رانجھا، سرگودھا (خصوصی رپورٹ) نواحی گا ئوں نصیر پور کلاں میں نامعلوم نقاب پوش افراد کی فائرنگ سے دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مڈھ رانجھا کے نواحی گا ئوں نصیر پور کلاں میں والی بال میچ دیکھنے کے بعد صبح کے وقت تین دوست واپس جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوش افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں عاطف احمد اور ریحان ریاض موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ذوالقرنین شدید زخمی ہو گیا۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی کوٹ مومن پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ میتیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ ذوالقرنین کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تھانہ مڈھ رانجھا میں مقتول عاطف احمد کے بھائی لیاقت احمد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او صہیب اشرف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی کوٹ مومن سے دوہرے قتل کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔