ایڈیشنل آئی جی بلوچستان کا نئے آئی جی کے ماتحت کام کرنے سے انکار

 کوئٹہ(خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل آئی جی بلوچستان سعید وزیر نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی بلوچستان محمد طاہر کے ماتحت کام کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہیکہ سعید وزیر نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے موقف اپنایا کہ نئے آئی جی بلوچستان محمد طاہر جونیئر افسر ہیں، لہذا میں ان کے ماتحت کام نہیں کر سکتا ۔ذرائع کے مطابق نئے آئی جی بلوچستان محمد طاہر کے منصب سنبھالنے کے بعد سعید وزیر نے چارج چھوڑنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ چیف سیکرٹری کو بھیجے گئے مراسلے میں سعید وزیر نے مزیدکہا کہ محمد طاہر انتہائی مخلص، ایماندار اور فرض شناس افسر ہیں تاہم بطور سینئر افسر اْن کے ماتحت کام کرنا مناسب نہیں سمجھتا، مجھے چھٹی دیکر میری خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اسلام آباد کے سپرد کر دی جائیں ۔ واضح رہے کہ نئے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔