سلامت پورہ : سیوریج کھدائی سے مکانات میں دراڑیں

 غیر معیاری کام اور ناقص منصوبہ بندی سے پوری مارکیٹ بیٹھ گئی :تاجر
لاہور (خصوصی رپورٹ) سلامت پورہ، راج باغ روڈ کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہوگئے۔ سیوریج کے نام پر جاری کھدائی نے نہ صرف سڑکوں بلکہ رہائشی و تجارتی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا دیا ہے۔اہلِ علاقہ کے مطابق پائپ ٹوٹنے کے باعث پانی گھروں کی بنیادوں میں شامل ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے کئی مکانوں میں خطرناک دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ تاجروں نے شکوہ کیا کہ غیر معیاری کام اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث پوری مارکیٹ بیٹھ گئی ہے اور لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کھدائی کے باعث معمولاتِ زندگی مفلوج ہیں، ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور بیماروں و طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔رہائشیوں نے ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، معیاری کام کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو مزید نقصان سے بچایا جائے۔