ایل پی جی صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان، مستحق افراد کو بی آئی ایس پی ڈیٹا کے تحت سبسڈی ملے گی، وزیر پیٹرولیم

ایل پی جی صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان، مستحق افراد کو بی آئی ایس پی ڈیٹا کے تحت سبسڈی ملے گی، وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت مستحق افراد کو ایل پی جی کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کو استعمال کرے گی، تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو سستی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں موجودہ قیمتوں کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت تقریباً 450 روپے بنتی ہے، تاہم بعض عناصر نے ایل پی جی کی فروخت میں منافع خوری کی، جس کے باعث صارفین کو مہنگی گیس خریدنا پڑی۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو سستی ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولا جا رہا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ کمپنیاں درآمدی عمل میں حصہ لے سکیں اور مارکیٹ میں مقابلے کے ذریعے قیمتوں کو مناسب سطح پر لایا جا سکے۔وزیر پیٹرولیم کے مطابق ایل پی جی کی فروخت میں شفافیت لانے کے لیے تمام کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر گیس کی قیمتیں نمایاں کرنے کا پابند بنایا جائے گا، تاکہ صارفین مختلف کمپنیوں کے نرخوں کا موازنہ کر سکیں اور انہیں قیمتوں کے حوالے سے درست معلومات دستیاب ہوں۔

علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی فراہمی نیلامی (آکشن) کے ذریعے کی جائے گی، جس سے مارکیٹ میں شفافیت اور مسابقت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی خصوصی توجہ کم آمدنی والے طبقے پر ہے اور مستحق خاندانوں کو بی آئی ایس پی کے دستیاب ڈیٹا کی بنیاد پر ایل پی جی کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا، تاکہ مہنگائی سے متاثرہ افراد کو کچھ سہولت مل سکے۔وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جائے اور سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔وزیر اطلاعات کے مطابق حکومت عوام پر مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ایل پی جی سے متعلق کیے گئے فیصلوں کی وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔

حکومتی اقدامات کے تحت ایل پی جی کی درآمد میں مسابقت، مقامی گیس کی نیلامی، کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں کی تشہیر اور مستحق خاندانوں کے لیے بی آئی ایس پی ڈیٹا کے ذریعے ریلیف فراہم کرنے کا نظام متعارف کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔