بھارت اور جاپان کے درمیان 22 ستمبر کو ہونے والے تاریخی ٹی20 انٹرنیشنل میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے۔
جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن (جے سی اے) کے مطابق میچ کے لیے شائقین کی غیر معمولی دلچسپی نے اس تاریخی مقابلے کی اہمیت کو مزید اجاگر کردیا ہے۔ایک میچ پر مشتمل یہ ٹی20 مقابلہ جاپان کے توچیگی پریفیکچر میں واقع سانو انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ سوزوکی کپ کا حصہ ہے اور بھارت و جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے بھی منعقد کیا جارہا ہے۔جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا کے ذریعے تمام ٹکٹس فروخت ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے شائقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔یہ دونوں ممالک کی سینئر مردوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا باقاعدہ بین الاقوامی مقابلہ ہوگا، جس کے باعث میچ کو دونوں ملکوں کی کرکٹ تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔